قبائلی تاریخ

کرلانی کون ہیں؟ حقیقت، تاریخ اور بے بنیاد داستانوں کا تحقیقی و منطقی رد

کرلانی پشتون قبائل کے حوالے سے گھڑی گئی بے بنیاد داستانوں کا تاریخی اور منطقی رد، جس میں ان کی قدامت اور پشتون تاریخ میں ان کے بنیادی کردار کو ثابت کیا گیا ہے۔

مستند مآخذسبحان اتمن خیل · 19 September 2026 · 8 منٹ مطالعہ
کرلانی کون ہیں؟ حقیقت، تاریخ اور بے بنیاد داستانوں کا تحقیقی و منطقی رد

آج کل سوشل میڈیا پر کچھ لوگ تاریخ سے ناواقفیت یا سرسری مطالعے کی بناء پر یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ پشتونوں کے صرف تین ہی قبائل/گروہ سړبن، غورغشت، بیٹن ہیں اور کرلانی کوئی مستقل قبیلہ نہیں یا ان کا ذکر بعد میں آیا ہے۔ کچھ لوگ مغل دور کی تحریروں کا سہارا لے کر کرلانی قبائل کے جدِ امجد سے متعلق "راستے میں ملنے والے بچے" یا "دیگ کے بدلے خریدے جانے" کا من گھڑت قصہ بیان کرتے ہیں، اور کچھ پشتونوں کو "بنی اسرائیل" ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

آئیے منطق، لسانیات اور تاریخ کی روشنی میں ان گمراہ کن مفروضوں کا سائنسی اور علمی محاسبہ کرتے ہیں:

**۱۔ بنی اسرائیل والے نظریے کا منطقی و تاریخی رد**

مغل بادشاہ جہانگیر کے دور 17ویں صدی میں نعمت اللہ ہروی نے "مخزنِ افغانی" لکھی، جس میں انہوں نے پشتونوں کا شجرہ نسب حضرت یعقوب علیہ السلام اور قیس عبدالرشید سے جوڑنے کی کوشش کی۔ تاریخی خلا (Gap) بخت نصر (586 قبل مسیح) کے دور سے لے کر نبی کریم ﷺ کے دور 7ویں صدی عیسوی تک 1200 سے 1500 سال کا ایسا خاموش دور ہے جس کا کوئی تاریخی یا تحریری ریکارڈ اس نظریے کے پاس نہیں ہے۔

ڈی این اے اور لسانیات: جدید جینیاتی (DNA) تحقیقات اور لسانیات (Linguistics) نے اس نظریے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ پشتون ہند-آریائی/ہند-ایرانی (Indo-Iranian) نژاد قوم ہیں، جن کی زبان اور ثقافت کا سامی (Semitic/Jewish) قوموں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

**2۔ "راستے میں ملنے والا بچہ" اور کڑھائی" کی کہانی**

مخزنِ افغانی کے مرتبین درباری مورخ تھے جو قبائلی علاقوں کے جغرافیے اور پشتو زبان کے محاوروں سے ناواقف تھے۔ لفظ "کرلاڼی" یا "کرلانی" کے بارے میں جو کہانی گھڑی گئی کہ "ایک بچہ ملا جس کو کڑھائی (کرھئی) کے بدلے لیا گیا"، یہ محض لفظی بازی گری (Folk Etymology) اور داستان گوئی ہے۔

منطق: کیا تاریخ میں لاکھوں پر مشتمل عظیم الشان جنگجو قبائل وزیر، محسود، آفریدی، خٹک، بنگش، اورکزئی، بنوسی، داوڑ، وغیرہ کسی ایک غیر معروف بچے کی اولاد ہو سکتے ہیں؟ بالکل نہیں!

درباری تعصب: مغل دور میں قبائلی کرلاڑی پشتونوں نے مغلوں کی اطاعت قبول نہیں کی اور ان کے خلاف سخت مزاحمت مثلاً روشنائی تحریک اور خوشحال خان خٹک کی جنگیں۔ مغل دربار سے وابستہ مورخین نے ان حریت پسند قبائل کے شجرہ نسب پر سوال اٹھا کر ان کی تحقیر کرنے کی ناکام کوشش کی۔

**۳۔ حقیقت: "کرلاڑی ہی اصل اور قدیم ترین پشتون ہیں"**

اگر کوئی پشتون قبائل کے قدامت (Aniquity) کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے، تو یہ حقیقت کھلم کھلا سامنے آتی ہے کہ کرلانی ہی پشتونوں کا حقیقی اور کوہستانی بنیادی عنصر ہیں:

**1. قدیم یونانی تاریخ پکتیا اور پکت کا ثبوت:** آج سے 2500 سال پہلے یونانی مورخ ہیروڈوٹس Herodotus نے جن "پکت" (Pactyans) لوگوں کا ذکر کیا ہے، جو سلیمان رینج اور سپین غر کے پہاڑوں میں رہتے تھے، وہ کون تھے؟ وہ یہی کرلانی قبائل آفریدی/اپریدی، خٹک، وزیر وغیرہ تھے جو انہی پہاڑی سلسلوں میں ہزاروں سالوں سے آباد ہیں۔

**2. اصیل پشتو زبان اور لب و لہجہ:** لسانیات کے ماہرین کے مطابق کرلانی قبائل جو پشتو بولتے ہیں جسے سخت یا درمیانی لہجہ کہا جاتا ہے، وہ پشتو کی قدیم ترین اور خالص ترین شکل ہے۔ زبان کا خالص ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ قوم صدیوں سے اپنے پہاڑی قلعوں میں محفوظ رہی اور باہر کی اقوام سے مخلوط نہیں ہوئی۔

**3. پشتونولی کی روح:** کرلانی قبائل وزیرستان، خیبر، کرم، اورکزئی، بنوں، کوہاٹ وغیرہ نے ہمیشہ آزادانہ زندگی گزاری۔ انہوں نے کبھی دہلی یا کابل کے تاج و تخت کی غلامی قبول نہیں کی۔ اگر پشتونیت کی روح "پشتونولی" اور "آزادی" ہے، تو کرلانی پشتونیت کی سب سے شاندار اور اصل تصویر ہیں۔

**۴۔ نتیجہ**

کرلانی کوئی "بعد میں بننے والا گروہ" یا "راستے سے اٹھایا گیا قبیلہ" نہیں ہے، بلکہ یہ پشتون قوم کی بنیاد اور قدامت کا ستون ہیں۔ مغل دور کی داستانوی کتابیں مثلاً مخزنِ افغانی پشتونوں کی قبائلی تاریخ کا حتمی سائنسی ماخذ نہیں ہو سکتیں۔ کرلاڑی قبائل ہی وہ خطہ ہیں جہاں سے پشتونیت، پشتو زبان اور پشتون ولی نے جنم لیا اور پروان چڑھی۔

مآخذ

  1. 1.The Pathans: 550 B.C.-A.D. 1957 — Olaf Caroe
  2. 2.The Histories (Book III & IV) — Herodotus
  3. 3.The Peoples of Pakistan: An Ethnic History — Yu. V. Gankovsky
  4. 4.Pashtun Qabail (پشتون قبائل) — Dr. Bahadur Shah Zafar Khattak
  5. 5.Archaeological Reconnaissances in North-Western India and South-Eastern Iran — Sir Aurel Stein